سکھر (جیوڈیسک) سکھر کے نجی تعلیمی ادارے میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ سے جب ان کے بیان کے خلاف ایم کیو ایم کے ردعمل کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکرا کر ”نو کمنٹس” کہہ کر بات ختم کر دی۔
تاہم عمران خان کے احتجاج کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب اور جہاں چاہیں احتجاج کریں، ہمیں بھی حکومت سے تحفظات ہیں لیکن جمہوریت آئین اور عوام کیلئے کوئی بھی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے۔ جمہوریت کیلئے ہم نے دھاندلی کو بھی برداشت کیا ہے تا کہ کوئی تیسری قوت بیچ میں نہ آجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بحران پر ہم نے سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائی ہے۔ افسوس ہے کہ لائن مین کے کہنے پر بجلی کاٹ دی جاتی ہے۔ اگر کسی گاؤں دیہات میں آدھے صارفین بجلی کے بل ادا کرتے ہیں اور آدھے نہیں تو سب کی بجلی کاٹنا افسوس کی بات ہے، سب کو سزا کیوں دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی گورنمنٹ میں ہم نے ہر ایم این اے کو فنڈز دئیے لیکن موجودہ گورنمنٹ نے کسی بھی ایم این اے کو ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کئے۔ تین صوبوں میں سے کسی نے ایم این ایز کو فنڈز نہیں دئیے لیکن سندھ حکومت نے ایم این ایز کو ایم پی ایز کے ساتھ ترقیاتی فنڈز دئیے ہیں۔