ایم کیوایم کی فوج اور رینجرز کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے، چوہدری نثار علی

Chaudhry Nisar Ali

Chaudhry Nisar Ali

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نائن زیرو پر کارروائی کے بعد ایم کیوایم کی جانب سے دیئے گئے بیانات پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم کی فوج اور رینجرز کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت حدوں کو چھورہی ہے اگر متحدہ اپنا موقف درستی سمجھتی ہے تو عدالت سے رجوع کرے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ خود ایم کیوایم ہی کرتی رہی ہے اوراب ایک دن فوج کے حق میں اور دوسرے دن مخالف بولنے کی یہ کیسی منطق ہے، کیا کسی اور ملک میں اپنی ہی فوج کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال ہوتی ہے لہٰذا اب متحدہ کی فوج اور رینجرز کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت حدوں کو چھورہی ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم فوج کو انتہائی ناپسندیدہ انداز سے نشانہ بنارہی ہے جب کہ یہی ایم کیوایم اسی فوج کے ساتھ 9 سال تک شریک اقتدار رہی اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں پر بھی فوج کی تعریفیں کرتی تھی لہٰذا قومی مفاد میں فوج کا ساتھ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نائن زیرو پر رینجرز کے آپریشن میں سزا یافتہ مجرم بھی گرفتار ہوئے جن کی وہاں موجودگی بذات خود سوالیہ نشان ہے اس لیے ایم کیوایم اس طرح کا رد عمل دے کر قانون کا مذاق نہ اڑائے اگر وہ اپنا موقف درست سمجھتی ہے تو عدالت سے رجوع کرے۔