ایم کیوایم کا آزاد کشمیر حکومت سے بھی علیحدگی کا اعلان

Farooq Sattar

Farooq Sattar

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیوایم نے آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔

فیصلہ تبدیل ہونے کا امکان نہیں، پانی سرسے گزر چکا ہے، بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے بعد واپسی کا راستہ ممکن نہیں، شور مچایا گیا کہ ہم پھرحکومت میں شامل ہوجائیں گے، حکومتوں سے الگ ہونے کا فیصلہ حتمی ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا۔

کہ سندھ میں شہری اور دیہی ہم آہنگی جیسے اعلیٰ مقاصد کیلئے ہم حکومت میں شامل رہے، سندھ حکومت نے آئین اورانسانی حقوق کی دھجیاں اڑادیں، پیپلزپارٹی نے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا، عمر کا لحاظ کیے بغیر قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف بات کی گئی۔

الطاف حسین کیلئے تضحیک آمیزرویہ اختیارکیا گیا،الطاف حسین کے خلاف دیے گئے بیان پر بلاول یا آصف زرداری نے معافی نہیں مانگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے رویے کے باعث ایک صوبے کی جماعت بن گئی ہے، ہم پیپلزپارٹی سے اپنے حکومتی تعلقات کو ختم کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کاالطاف حسین سے متعلق بیان صبروضبط سے باہرہے۔

یہ بیان ایک وجہ بنا کہ ہمیں علیحدگی کا فیصلہ کرنا پڑا۔ فاروق ستار نے کہا کہ بھٹوکا وارث بھٹو ہو سکتا ہے زرداری نہیں، پیپلزپارٹی نے کروڑوں روپے خرچ کر کے جلسہ کیا، بلاول نے تمام سیاسی جماعتوں پرتنقید کرکے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، بلاول نے اپنے کیریئر کے آغاز میں تصادم کاراستہ اختیار کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے کم عمر چیئرمین نے الطاف حسین کے خلاف نازبیا الفاظ استعمال کیے، پیپلزپارٹی کا رویہ غیرسیاسی اور غیر جمہوری ہے، جرائم کی سرپرستی کا راستہ پیپلزپارٹی کا ہوسکتا ہے ایم کیوایم کا نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوٹا سسٹم کی مدت پوری ہوچکی ہے، اس پرنظرثانی کی جائے۔