کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیوایم کی جانب سے دائر ہرجانے کے دعوے کا جواب جمع نہ کرانے پر تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان پر50ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس شفیع صدیقی نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے خلاف 5 ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت کی، گزشتہ سماعت پر عمران خان کو عدم پیشی پر جواب داخل کرنے کے حق سے محروم کردیا تھا تاہم عدالت نے عمران خان کے وکیل کے پیش ہونے پر اپنا پچھلا حکم واپس لے لیا۔
عدالت عالیہ نے عمران خان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پرتحریری جواب جمع کرائیں۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے الطاف حسین کو زہرہ شاہد کے قتل کا براہ راست ذمہ دار ٹھہرانے پر عمران خان کے خلاف 5 ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔