ایم کیو ایم کا وفد الطاف حسین سے ملاقات کیلئے لندن کے ویلنگٹن اسپتال پہنچ گیا

MQM

MQM

لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کے لئے مرکزی رہنما بابر غوری کی قیادت میں وفد اسپتال پہنچ گیا جہاں وفد کی الطاف حسین سے ملاقات متوقع ہے۔
الطاف حسین سے ملاقات کے لئے ایم کیو ایم وفد میں خواجہ سہیل، سلیم زیدی، قاسم علی رضا، سلیم دانش اور ارشد وہرہ شامل ہیں۔

ملاقات سے قبل اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر غوری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازش ہو رہی ہے اور موجودہ حالات اسی کا تسلسل ہیں تاہم الطاف حسین ایک مرتبہ پھر سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں الطاف حسین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور منی لانڈرنگ مقدمے سے متعلق وکلا سے مشاورت جاری ہے جبکہ فروغ نسیم قانونی معاونت کے لئے لندن پہنچ رہے ہیں۔

بابرغوری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پارٹی رہنما حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت سفارت کاروں سے رابطے میں ہیں اور موجودہ مشکل حالات میں پوری قوم الطاف حسین کے ساتھ ہے۔