کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی اور حق پرست ارکان اسمبلی کے مشترکہ وفد نے الطاف حسین کی ہدایت پر تھر پارکر کے قحط سالی سے متاثرہ علاقے ننگر پارکر کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے ننگر پارکر میں لگائے گئے، طبی و امدادی کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان حیدر عباس رضوی، احمد سلیم صدیقی، شاکر علی، حق پرست ارکان اسمبلی ثمن جعفری، ہیر سوہو، پنجو مل بھیل، سنجے پروانی، ایم کیو ایم کی سندھ تنظیمی کمیٹی کے ذمہ داران، اندرون سندھ مختلف زونز کے کارکنان اور کے کے ایف کے رضاکاران کی بڑی تعدا د وفد میں شامل تھی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان نے طبی و امدادی کیمپس پر موجود امدادی عملے کے رضا کاروں، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کرکے انتظامی امور کا جائزہ لیا اور امدادی عملے کو بہترین سہولتوں کی فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر وفد کے شرکا نے طبی کیمپ پر موجود مختلف امراض کا شکار بچوں، خواتین اور بزرگوں سے ملاقات کرکے طبی امداد کے متعلق دریافت کیا۔
رابطہ کمیٹی کے ارکان نے امدادی کیمپ پر آنے والے تھر کے معصوم عوام میں راشن بیگز، گرم کپڑے، واٹر کولر، پینے کا صاف پانی، خشک دودھ، بچوں کے استعمال کی ضروری اشیاء سمیت ضروریات زندگی کی مختلف اشیاء تقسیم کیں اور قحط سے متاثرہ بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں سے ملاقات کرکے ان کی خیریت بھی دریافت کی ساتھ ہی درپیش مسائل کے متعلق معلومات حاصل کرکے انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔