ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے پانچ سال تک جموریت کو بچانے کی کوشش کی۔ کراچی ایئرپورٹ پر ذرائع سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت مخالفین کے خلاف کاروائی کر رہی ہے۔ اگر نوے کی سیاست کو دہرایا گیا تو برا شگون ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار نے آج قومی اسمبلی میں کہا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے وفد یا ان کو بلا کر سنا جائے گا۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی کے مسئلہ کا ایسا علاج چاہتی ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈر شریک ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ مہاجر ریپبلک آرمی کا جو شوشہ چھوڑا گیا ہے وہ اس سے قطعی واقف نہیں ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ حکومت کو ایم کیوایم کا حزب اختلاف کا کردار ہضم نہیں ہورہا، سندھ میں نمائشی جمہوریت قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔