Lt. General Mukhtar Naveed and Dr.Ishrat Ul Ebad Met
کراچی (جیوڈیسک) کورکمانڈرکراچی لینفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اوروزیراعلی سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں کراچی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا ہے کراچی کے امن اور ترقی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا ، طویل عرصے بعد عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے جسے تمام وسائل بروئے کار لا کر قائم رکھا جائے گا۔
کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے رینجرز ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات کی ۔ کور کمانڈر کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن قربانیوں اور عوام کی بھرپورحمایت کا نتیجہ ہے ، شہر کے امن اور ترقی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق کور کمانڈر کو کراچی میں جاری آپریشن کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ کور کمانڈر کراچی نے پاکستان کے خلاف نعرے بازی اور اشتعال انگیز تقاریر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کی گرفتاریوں کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ کور کمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ آخری شرپسند کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے اور اکسانےکی کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا ملک کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، کراچی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کرکے کراچی کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ کل کراچی میں ہونے والے میئر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابات میں تمام ووٹرز کو باحفاظت پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جائے ۔ میئر ، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔