لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) ایم کیو ایم کے بعد ق لیگ بھی حکومت سے ناراض ہو گئی۔ حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ق) نے بھی اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پرناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی سینیٹرل کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج (اتوار) شام اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی سربراہی میں طلب کر لیاہے۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
ہفتہ کے روز پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا اللہ کے فضل سے ہم تین سال سے انہیں وفاق اور صوبے میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں لیکن یہ نہیں نبھا رہے، فیصلہ سازی میں ہمیں شامل نہیں کیا جاتا۔پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلع میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی سے بھی صرف بجٹ کے موقع پر رابطہ کیا جاتا ہے یا اس وقت جب انہیں ضرورت پڑتی ہے۔پنجاب حکومت کے رویئے پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔
پارٹی کے جنرل سیکرٹری پنجاب سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ حکومت کو یاد دلانے کیلئے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے، کیا یہ بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر ان کو کامیابی ملی، حکمران یہ بھی بھول گئے کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کیلئے بھی نہیں آیا پھر بھی انہیں سینیٹ کے مشکل ترین الیکشن میں ہم نے کامیابی کے ساتھ نکالا۔اس سے قبل ایم کیوایم بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور دیگرمعاملات پر حکومت تک اپنے تحفظات پہنچا چکی ہے۔
ایم کیوایم نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ اتحادیوں کے مابین پائے جانے والے اختلافات کو دورکرنے کیلئے اجلاس بلایا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی جماعت ہے ، پنجاب میں ہمیشہ اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چلے اور آئندہ بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔
وزیراعلی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں ہمیشہ مشاورت کیساتھ فیصلے کئے ، مسلم لیگ ق کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن کے تحت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے ہم اتحاد ی تھے ہیں اور رہیں گے، مسلم لیگ ق کیساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائیں گے، اتحادی جماعت سے مشاورت کے عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب روانگی سے قبل بھی اسپیکر پرویزالہٰی کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی، پنجاب میں کبھی سولو پالیسی اختیار نہیں کی، اتحادی جماعت کے اراکین کی تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دی، صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے، سازشیں کرنیوالے پیچھے رہ جائیں گے اور ہمارا اتحاد آگے کی جانب بڑھتا جا ئیگا ، آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔