ایم کیو ایم کا عمران خان کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ

Imran Khan

Imran Khan

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم بھی عمران خان کی ایک اور متنازع ویڈیو منظر عام پر لے آئی، الطاف حسین نے تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سب سے پہلے نائن زیرو پر چھاپے کو ویلکم کیا۔

کارکنوں سے خطاب کے دوران الطاف حسین عمران خان پر برس پڑے۔ دل بھر کر خوب بھڑاس نکالی، ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے آڈیو ریکارڈ سے متعلق سوال کا جواب دینے کے بجائے ان پر الزامات لگائے۔ انہوں نے عمران خان کا کیا بگاڑا ہے جو وہ پیچھے پڑ گئے ہیں۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان پولیس کی حراست سے زبردستی اپنے کارکن چھڑا کر لے گئے جبکہ پی ٹی وی پر بھی حملہ کیا گیا لیکن اس پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔ پی ٹی وی پر حملے سے متعلق ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کپتان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔

اُن کے خطاب کے دوران عمران خان کے فوج سے متعلق بیان کی متنازع ویڈیو بھی دکھائی گئی جس پر کارکنوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف نعرے بازی کی۔