کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے تحت اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پیمرا کے دفتر کے سامنے ایم این اے رشید گوڈیل اور خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر میاں عتیق نے مظاہرے کی قیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی پسند ناپسند کی بنا پر کسی سیاسی جماعت کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہرفیصل سبزواری اور سردار احمد، سکھر پریس کلب کے سامنے ممبر صوبائی اسمبلی دیوان چند چاولہ‘ اور زونل انچارج شہزادہ گلفام، میرپور خاص میں ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی اور حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ایم کیوایم زونل انچارج نوید شمسی، راشد ممتاز اور ارکان سندھ اسمبلی رانا انصار، صابر قائم خانی اور راشد خلجی کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک منظم سیاسی جماعت ہے اس کا میڈیا ٹرائل بند کیا جائے، رہنماوں نے سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔