حیدر آباد (جیوڈیسک) وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور وسان کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کا حکومت میں آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے، الطاف حسین عقل مند سیاستدان ہیں،ابھی غصے میں ہیں، کچھ دنوں میں غصہ کم ہوجائے گا۔
حیدر آباد جیل کے دورے کے دوران بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو کراچی سینٹرل جیل پر حملے کی اطلاعات تھی، ہم سمجھتے تھے کہ بارودی مواد سے بھرا ٹرک کراچی سینٹرل جیل سے ٹکرایا جائےگا۔
لیکن حملے کے لئے سرنگ بنانے والا تجربہ ہمارے لئے نیا تھا، اس سلسلے میں سرنگ غوثیہ کالونی سے بنانی شروع کی گئی، کراچی جیل توڑنے کی کوشش کے واقعے میں یقینا ًکوئی جہادی تنظیم ملوث ہوگی، اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور 5 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔
منظور وسان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایک لیڈر نے مہاجروں سے متعلق کچھ کہا تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب مکہ سے مدینے آئے تھے تو انہوں نے خود کو مدنی بھی کہا تھا۔
جو لوگ یہاں آئے ہیں وہ خود کو سندھی بھی کہیں، متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی 1988 سے ایک ساتھ ہیں، ایم کیو ایم کا حکومت میں آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے، الطاف حسین عقل مند سیاستدان ہیں،ابھی غصے میں ہیں،کچھ دنوں میں غصہ کم ہوجائے گا۔