ایم کیو ایم کو کراچی کے بجائے برطانیہ میں احتجاج کرنا چاہئے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی سمیت سندھ بھر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے پاس کراچی کے عوام کی زندگی مفلوج کرنے کا کوئی جواز نہیں، اسے پاکستان کے بجائے برطانیہ میں احتجاج کرنا چاہئے۔

اسلام آباد میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ مشکل وقت میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کا غم سمجھ سکتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ کراچی جیسے اہم ترین تجارتی شہر کے عوام کی زندگی ہی مفلوج کردی جائے۔
انہوں نے ایم کیو ایم کی قیادت اور کارکنوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ برطانیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کی سزا پاکستانیوں کو نہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اپنے ایک شہری کیخلاف منی لانڈرنگ میں قانونی اقدام کر رہا ہے، ایم کیو ایم اگر اپنے قائد کی گرفتاری پر احتجاج کرنا چاہتی ہے تو پاکستان کی بجائے برطانیہ میں کرے۔