ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد میں دھاندلی کرائی : جماعت اسلامی

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (جیوڈیسک) عام انتخابات دو ہزار تیرہ میں منظم دھاندلی کے مبینہ الزامات پر مسلم لیگ ق، جماعت اسلامی اور مہاجر قومی موومنٹ نےجوڈیشل کمیشن میں اپنے جوابات جمع کرا دیئے ہیں۔

دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور اس کی تحقیق کے حوالے سے تشکیل پانے والے جوڈیشل کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے سوالوں پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے جوابات داخل کرائے گئے، مسلم لیگ ق نے اپنے جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں منظم دھاندلی ہوئی۔

جوڈیشل کمیشن کے پاس دھاندلی کی تحقیقات کرانے کا اختیار ہے۔ جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا اختیار بھی جوڈیشل کمیشن ہی رکھتا ہے، دھاندلی سے متعلق دستاویزات اور بیان حلفی جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ جماعت اسلامی نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ حیدر آباد اور کراچی میں ایم کیو ایم سیکٹر انچارجوں نے دھاندلی کرائی۔

شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی تاہم الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری نہ کرسکا اور الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر بھی عملدرآمد میں ناکام رہا۔ مہاجر قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں دھاندلی متحدہ قومی موومنٹ نے کرائی اور دھاندلی کا منصوبہ بھی ایم کیو ایم ہی نے بنایا۔

مہاجر قومی موومنٹ نے اپنے جواب میں کہا دھاندلی سے متعلق شواہد جوڈیشل کمیشن آفس میں جمع کرائے جا چکے ہیں۔