ایم کیو ایم کا کراچی میں بارش سے نمٹنے کے ناکافی انتظامات پراظہار تشویش

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کا کراچی میں بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ ، رابطہ کمیٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ شہر میں بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال روز بروز خراب ہورہی ہے۔

بارش سے نمٹنے کے لئے کوئی موثر اقدامات نہ کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر انجینئر ناصر جمال نے ارکان رابطہ کمیٹی ڈاکٹر صغیر احمد اور سیف یار خان کے ہمراہ کراچی میں موسلا دھار بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کیا۔

رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے۔ تھوڑی سی بارش ہونے کے بعد شہر کی حالت ناگفتہ بہ ہو گئی ہے۔

کراچی جیسے بڑے میٹرو پولیٹن شہر کا انتظام و انصرام چلانے کے لئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے تاکہ بلدیاتی ادارے آئین و قانون کے تحت منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکیں اور بہتر شہری سہولیات فراہم کر کے کام کر سکیں۔

انہوں نے کراچی میں بارش سے نمٹنے کے لئے کوئی موثر اقدامات نہ کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کے جان ومال کو تحفظ مل سکے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہو گیا ہے۔

اور متعلقہ حکام اور عملہ غائب ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ، برساتی نالوں کی صفائی کرائی جائے۔ رابطہ کمیٹی نے کراچی میں طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات میں متعدد افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت ہمدردی اظہار کیا۔