فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) پی پی 68 کے صدر شفاعت علی رانا اور سینئر نائب صدر حافظ سعیداسلم نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد نے گزشتہ رات جو زہر اگلا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
تاہم یہ شخص صرف مذمت سے نہیں بلکہ کھلے عام مرمت سے ٹھیک ہوگا ‘ پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے کو ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے’ انہو ں نے کہا کہ آج تک کبھی کسی بھی سیاستدان نے چاہے وہ جس طرح کا بھی ہو اس نے ملکی سالمیت کیخلاف کوئی آواز نہیں اٹھائی تھی۔
مگر نہ جانے یہ شخص کس مٹی کا بنا ہوا ہے کہ دوسرے روز کوئی نہ کوئی شوشہ چھوڑ دیتا ہے’ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس شخص کو فوری طورپر غدار قرار دے کر اس کی لسانی جماعت پر پابندی عائد کرتے ہوئے اس کو عمر بھر کیلئے بلیک لسٹ کر دے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص وطن عزیز کے خلاف آواز اٹھانے کی جرأت نہ کر سکے’۔
انہوں نے کہا کہ وہ شخص جس کو عزت و شہرت پاکستان نے دی وہ خودساختہ جلاوطنی اختیارکرکے اس وطن کے خلاف ہرزہ سرائی کرے تواسے غدار نہیں تو اور کیا کہاجاسکتا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان الطاف نامی شخص کے نام سے جو بھی سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہے اسے لسٹ سے خارج کرتے ہوئے پاکستانیوں کے جذبات کی ترجمانی کرے۔
تاکہ عوام میں جو اشتعال اور بے چینی پائی جارہی ہے اس کاخاتمہ ہوسکے۔