ایم کیو ایم کے قائد سمیت 20 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے رؤف صدیقی کے خلاف 9 مقدمات میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت پارٹی کے 20 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشید احمد کھوسو نے رؤف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزامات کے تحت 23 مقدمات کی سماعت کی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے 9 مقدمات کا چالان پیش کیا، جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر، قمر منصور، رشید گوڈیل، خوش بخت شجاعت اور خالد مقبول صدیقی سمیت پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مفرور قرار دیا گیا۔

عدالت نے چالان کی رو سے مفرور قرار دیئے گئے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 2 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ رؤف صدیقی کے خلاف شہر بھر کے مختلف تھانوں میں اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزام میں 23 مقدمات درج ہیں اور انہوں نے ان تمام مقدمات میں عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔