ایم کیوایم 9، مارچ کو لاہور میں روحانی اجتماع منعقد کرے گی

MQM

MQM

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اعلان کیاہے کہ 9، مارچ 2014ء بروز اتوارکو لاہور میں ایم کیو ایم کے زیراہتمام ایک روحانی اجتماع منعقد کیا جائے گا۔اس بات کا فیصلہ پیر کی شب ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کراچی اور لندن کے ارکان کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔

قائد تحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان، خصوصاً سرزمین پنجاب صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی سرزمین ہے جس کے چپہ چپہ پر ان صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی نشانیاں ہیں جنہوں نے اپنے عمل وکردار اور ریاضت سے سرزمین ہند پر دین اسلام کے فروغ اور بقاء کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ ان عظیم ہستیوں نے اپنی ذاتی زندگی فنا کرکے اپنی زندگی کے ایک ایک لمحہ کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول اور دین اسلام کی ترقی وترویج کیلئے وقف کر دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم اس اجتماع میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مذہبی اسکالرز، نعت خواں وقوال حضرات کو مدعو کرے گی جو عوام کو بزرگان دین اور صوفیائے کرام کی سیرت سے آگاہ کریں گے۔ پروگرام کی مزید تفصیلات سے عوام کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔