کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کا نہ دیا جانا عوام اور شہر کے ساتھ ذیادتی ہے، عوام کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیار دیئے بغیر شہر کی ترقی اور عوامی مسائل سے نجات نہ ممکن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم شاہ فیصل ٹائون کے تحت شب برات کے موقع پر عوامی رہنمائی کے لئے کالونی گیٹ قبرستان قائم کئے گئے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم کیو ایم شاہ فیصل ٹائون کے ذمہ دران اور شاہ فیصل کالونی کے نو منتخب چیئر مین اور وائس چیئر مین بھی موجود تھے۔
رکن قومی اسمبلی اقبال محمد خان نے کیمپ پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی عدم توجہی اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہ دیئے جانے کی وجہ سے آج شہر مسائلستان اور کھنڈرات بن چکا ہے۔
انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ حق پرست عوامی نمائندوں کو جب بھی اختیارات دیئے گئے وہ عوامی خدمت اور شہر کی ترقی میں جوٹ گئے اس موقع پر نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ وہ حکومتی اختیارات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قائد کی تعلیمات پر عمل کریں اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں۔