کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے وزراکے استعفے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور مشیروں کے استعفے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بھجوادیے۔ ایم کیوایم کے 2 صوبائی وزرا اور 3 مشیروں نے استعفے بھجوائے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے۔
کہ ایم کیوایم کےارکان سندھ اسمبلی نےاپوزیشن بنچوں پربیٹھنے کی درخواست پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد وہ آج باضابطہ طور پرسندھ اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنےکی درخواست کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیوایم نے حکومت ِ سندھ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ مفاہمت کے نام پر منافقت پریقین نہیں رکھتے، ہمیں وزارتوں، گاڑیوں اور مراعات کا شوق نہیں۔ انہوں نے کہا ہے۔
کہ ایم کیوایم نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا، کراچی میں تمام جماعتیں اپنا شوکرتی ہیں، پیپلزپارٹی نے بھی کیا، پیپلز پارٹی کا کراچی میں جلسہ کرنا کوئی کمال نہیں، لیاری میں کر کے دکھائیں۔