کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے کہا کہ لاپتہ کارکنوں کی فہرستیں حکومت کے حوالے کر دیں۔ لاپتہ مجرموں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر نمبرپلیٹ گاڑیوں میں سوار افراد لوگوں کو اغوا کر رہے ہیں۔
پیتنالیس کارکنوں کی جو فہرست وزیراعلی سندھ کو دی تھی ان میں سے چھ افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سادہ لباس اہلکاروں کی طرف سے گرفتاریوں کی حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں تحفظ پاکستان قانون کے تحت ہو رہی ہیں۔ سندھ حکومت وفاق سے معلومات حاصل کر کے گرفتاریوں سے متعلق آگاہ کرے گی۔
مسلم لیگ ن کے عرفان اللہ مروت کے ٹارگٹ کلنگ روکنے کے اقدامات پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھائی کو بھائی سے لڑانے کی گھناؤنی سازش ہو رہی ہے۔ ایک ہی پسٹل سے مختلف فرقے کے افراد کو ٹارگٹ کر کے عوام کو منتشر کرنے اور لڑانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔
ایم کیو ایم کی خاتون رکن بلقیس مختار نے پبلک گاڑیوں میں غیرمعیاری گیس سلنڈرکے استعمال جبکہ تحریک انصاف کے خرم شیر زماں نے رہائشی علاقوں میں شراب کی فروخت کے خلاف توجہ دلاؤ نوٹس دیا۔