کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے اتوار کے روز پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کی جماعت پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ آصف حسنین نے قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف حسنین نے کہا کہ انھوں نے مصطفیٰ کمال کو خود فون کیا کہ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔
یاد رہے کہ یہ ایم کیو ایم کے پہلے رکن قومی اسمبلی ہیں جو پارٹی چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی کے اراکین پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔
کراچی پریس کلب کے باہر کارکنان سے پاکستان مخالف تقریر پر آصف حسنین نے کہا کہ 22 اگست ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔
ایم کیو ایم کی جانب سے اپنے قائد سے قطع تعلق کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ فاروق ستار خود کو ایم کیو ایم قائد الطاف حسین سے دورنہیں کرسکتے۔
قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے کا اعلان کرنے والے رہنما کا کہنا تھا کہ 32 سال بعد بھی ایم کیو ایم کا ووٹر پریشان ہے۔