کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے کہا ہے کہ شاہ فیصل کالونی ،رفاہ عام ،ناتھا خان گوٹھ ،گرین ٹائون اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش فالٹ کی درستگی اور ولٹیج کے حوالے سے عوامی شکایات کو دور کرکے عوام کو مشکلات سے نجات دلائیں تاکہ عوامی احتجاج کے سلسلے کو روکا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں درپیش عوامی مسائل کا جائزے کے لئے دورے کے موقع پر کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلا تے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے جدو جہد میں مصروف ہے اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے اپنا سفر جاری رکھیں گے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی مسائل سننے کے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ بجلی کی بندش کی وجہ سے پانی کی ترسیل کا نظام متاثر ہورہا ہے جس کی وجہ سے عوام دہرے عذاب میں مبتلا ہیں اس موقع پر ایم پی اے نشاط ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ پانی کے ترسیل کے نظام کو درست کرکے عوام تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں اور اس حوالے سے در پیش عوام کے مسائل کو حل کیا جائے۔