کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ایم کیوایم کے ساتھ معاملات صوبائی حکومت نے خود طے کئے تھے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ دو روز قبل شہر میں ہونے والے دہشت گردی کے دونوں واقعات میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں، جن میں قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی شہید اورزخمی ہوئے ہیں، کراچی میں جرائم کی وارداتوں، ٹارگٹ کلنگ اور قتل وغارت کے واقعات میں کمی آئی ہے، انشاء اللہ آنے والا وقت مزید اچھا ہوگا، ہمیں اپنے شہر کو امن کا گہوارہ بنانا ہے تو ہمیں سب کو ایک صف پر کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ جب کراچی میں امن سب کے لیے بہتر ہے۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو قانونی سہولیات کی فراہمی ان کا حق ہوتا ہے، قیدیوں کی سہولیات کے لئے ایم کیوایم نے حکومت سے ملاقات کی تھی، تمام معاملات تحریری طور پر طے پائے گئے جس کے بعد ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کو سہولیات سے متعلق ایس او پی بنائی گئی۔