اسلام آباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے استعفے دیئے جانے کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے آج اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے متحدہ قومی موومنٹ کے استعفوں پر مشاورتی اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے جب کہ اجلاس میں ایم کیوایم کے استعفوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سمیت سندھ اسمبلی سے استعفے دے دیئے ہیں جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کا عمل مکمل کرلیا ہے تاہم حکومت نے فوری طور پر ایم کیوایم کے ارکان کے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔