کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی نے گرفتاریوں کی فہرست میں اپنے نام شامل کرنے کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ جھوٹے الزامات لگا کر متحدہ کو کچلنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
ایم کیو ایم کی طرف سے تحریک استحقاق ڈاکٹر صغیر احمد، عظیم فاروقی، محمد کامران فاروق، ریحان ظفر اور ارتضی فاروقی نے جمع کرائی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے نام گرفتاریوں کے لئے مطلوب افراد کی لسٹ میں شامل کئے جانے سے ان کا استحقاق مجروع ہوا ہے۔ پولیس فہرست کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے پریس کانفرنس بھی کی تھی۔
دوسری طرف اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ مہاجر ریپبلکن آرمی کا شوشا ماضی کی طرح ایم کیو ایم کے خلاف ایک شرمناک سازش ہے۔ جھوٹے الزامات سے متحدہ کو کچلنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ متحدہ نے ضمنی الیکشن میں فوج کی نگرانی میں بھاری اکثریت حاصل کی جس سے دھاندلی کے الزامات عائد کرنے والوں کے منہ بند ہو گئے۔