کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم نے صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے بجٹ پیش کیے جانے کے بعد ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجٹ کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا جس کے بعد رابطہ کمیٹی نے بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیوایم نے سندھ کا شیڈو بجٹ صوبائی حکومت کو پیش کیا تھا جس میں کئی تجاویز دی گئی تھیں تاہم حکومت نے بجٹ میں ان تجاویز کو شامل نہیں کیا جب کہ بجٹ میں شہری علاقوں کو بھی مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور کراچی، حیدرآباد کے لیے کوئی بڑا پراجیکٹ نہیں رکھا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایم کیوایم نے بجٹ کو سندھ دشمن قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کل ہڑتال کا اعلان کیا ہے اس موقع پر رابطہ کمیٹی کی جانب سے کل شہر بھر میں ٹرانسپورٹ اور کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کے خلاف آئندہ بھی احتجاج کیا جائے گا تہام پہلے مرحلے میں ہڑتال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے آج آئندہ مالی سال کے لیے 7 کھرب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کیا ہے جس میں کراچی کے لیے 49 جب کہ حیدرآباد کے لیے 37 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔