اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے ہر علاقے سے لوگ پکڑے گئے، ایم کیو ایم سندھ حکومت کو مفلوج کرنا چاہتی ہے۔ پارلیمنٹری رپورٹر ایسوسی ایشن کے ظہرانے میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کراچی کے ہر علاقے سے لوگ پکڑے گئے۔
ایم کیو ایم کے ساتھ لیاری سے بھی پچاس کے قریب افراد بھی گرفتار ہوئے۔ متحدہ حکومت میں نہیں تو سندھ حکومت کو مفلوج کرنا چاہتی ہے۔ کراچی میں فوج تب آئے جب سول ادارے ناکام ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ پانچ سال اتحاد رہا لیکن اب ان کا رجحان ن لیگ کی طرف ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کالاباغ ڈیم پر پوائنٹ سکورنگ کر رہی ہے یہ منصوبہ ختم ہو چکا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ صدر آصف زرداری پارٹی کے قائد ہیں اور وہ پاکستان میں رہ کر سیاست کریں گے۔