کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ کے حوالے سے تحریک التواء سندھ اسمبلی میں جمع کرا دی۔ سانحہ پشاور اور لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف مذمتی قراردادیں اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بل بھی جمع کرایا گیا۔
ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کا اجلاس سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم اراکین نے ٹمبر مارکیٹ میں آگ لگنے کے حوالے سے تحریک التواء سندھ اسمبلی کے سیکرٹری عمر فاروق کو جمع کرا دی۔ میڈیا سے گفتگو میں سردار احمد نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
ایم کیو ایم اراکین کی جانب سے سانحہ پشاور اور لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف مذمتی قراردادیں اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بل بھی جمع کرایا گیا۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سانحہ پشاور میں پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا گیا۔
سانحہ پشاور کی مذمتی قرارداد جمع کرائی ہے، مولانا عبدالعزیز نے سی ڈی اے کی زمین پر اپنی رہائش گاہ بنائی ہوئی ہے۔ خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی کارکردگی چھپانے کے لئے الزامات کا سہارا لے رہی ہے، اگر شرجیل میمن اتنے بے بس ہیں تو مستعفی ہو جائیں۔