ایم کیو ایم کی جانب سے سانحہ حیدر آباد اور کراچی کے شہدا کی یاد میں تقریبات

 Tragedy Hyderabad

Tragedy Hyderabad

ایم کیو ایم کی جانب سے انیس سو اٹھاسی کے سانحہ حیدر آباد اور کراچی کے شہدا کی پچیس ویں برسی کے موقع پر ملک بھر اور لندن سیکرٹریٹ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ الطاف حسین کہتے ہیں کہ ایم کیوایم کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی۔

تیس ستمبر انیس سو اٹھاسی کو حیدر آباد اور یکم اکتوبر کو کراچی میں شہید ہونیوالوں کی یاد میں مرکزی تقریب کراچی کے لال قلعہ گرانڈ میں ہوئی جس میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ناصر جمال سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی اجتماعات ہوئے۔

شرکا نے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی۔ ایم کیو ایم کے لند ن سیکرٹریٹ میں بھی برسی تقریب منعقد کی گئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار، سینٹر بابر غوری اور ندیم نصرت نے خطاب کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ قربانیاں دینے والے کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ متحدہ کے کارکنوں میں قربانی کا جذبہ موجود ہے، دنیا کی کوئی بھی طاقت انہیں منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی۔