اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کو گالی قرار دینے پر قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا جس میں ایم کیو ایم کے ارکان نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کو گالی قرار دینے پر شدید احتجاج کیا اور اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے، قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل نے کہا کہ مہاجر ننگے بھوکے پاکستان نہیں آئے بلکہ اپنا گھر بار چھوڑ کر آئے تھے جب کہ ہجرت سنت رسول ہے کوئی گالی نہیں اسے گالی کہنے والوں پر توہین رسالت کا قانون لاگو ہونا چاہئے اور مہاجروں کو گالی دینے پر جب تک معافی نہیں مانگی جاتی ایوان میں واپس نہیں آئیں گے۔
رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ صوبے کسی کے دادا پردادا کی جاگیر نہیں، پنجاب سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے نام لسانی ہیں یہاں وڈیرے آج بھی روٹی کپڑا مکان کی بات کرتے ہیں لیکن عوام کو بھوک،کفن اور قبرہی ملی جبکہ ہمیں سندھ میں حق حکمرانی ملا تو ہم نے کام کرکے دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پارٹی بنائی تو طوفان آگیا، کالے انگریزوں نے پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے یہاں پر کچھ عناصر مہاجروں کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں،بھارت نے بھی آزادی کے بعد نئے صوبے بنائے لیکن وہاں کسی نے نہیں کہا کہ یہ ہماری ماں ہے اسے تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔