کراچی (جیوڈیسک) رواں ماہ مبینہ پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکن سید فراز عالم کی ہلاکت کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فراز عالم کو پولیس حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوئی، حکومتی دعووں کے باوجود اب تک تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا۔
اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ حکومت کو جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کا حکم دیا جائے، ملوث افسران کو نوکری سے برخاست کیا جائے اور لواحقین کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ فراز عالم رواں ماہ پولیس کی تحویل میں ہلاک ہو گیا تھا تاہم پولیس کا موقف تھا کہ فراز عالم کی موت حرکت قلب بند ہو جانے سے ہوئی ہے۔