کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے مقتول کارکن وقاص شاہ کی نماز جنازہ عزیزآباد کے جناح گراؤنڈ میں ادا کردی گئی۔
جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں ایم کیو ایم کے مقتول کارکن وقاص شاہ کی نماز جنازہ کی شرکت میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد جناح گراؤنڈ کے اطراف موجود تھیں۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جب کہ خواتین کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ مقتول ایم کیو ایم کارکن وقاص شاہ کو شہدا قبرستان عزیزآباد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس نے وقاص شاہ کے قتل کا مقدمہ اپنی مدعیت میں عزیزآباد تھانے میں درج کرلیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ نائن زیرو سے گرفتار افراد کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں جب کہ رینجرز سے ملزموں کی حوالگی ابھی نہیں ملی تاہم ملزموں کے کرمنل ریکارڈ چیک کئے جارہے ہیں۔