پی پی، متحدہ اور جماعت اسلامی جمہوریت کیلیے کوشاں ہیں، احسن اقبال

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے پاکستان پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی جیسی بڑی جماعتیں جمہوریت کی مضبوطی کیلیے کوشاں ہیں۔

اپنے ایک بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کوڈر ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) نے 5 سال مکمل کر لیے توان کا سیاسی مستقبل ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت کو پروان چڑھارہی ہے اور ملک بھر میں ترقیاتی کاموں پر زور دیا جا رہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے عمران خان کو اپنی سیاست ختم ہوتی نظر آ رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نومولود سیاسی پارٹیاں الائنس بنا کر جمہوریت کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف کام کرنے والوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا لیکن آپریشن دہشت گردی کے خاتمے کا 100 فیصد حل نہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر ملک میں امن وامان قائم ہو جائے تو پاکستان 15 سال میں ترقی کی منازل طے کر لے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ برآمدات کو 2025 تک 150 بلین ڈالر تک لے جائیں۔ حکومت کراچی کی روشنیاں بحال کرنے کے لیے کوشاں ہے۔