بیون آئرس (جیوڈیسک) ارجنٹیا کے عظیم سابق فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا، ملک کے صدر موریسیو میکری اور مداحوں نے لیونل میسی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست کی ہے۔
میسی نے کوپا امریکہ کے فائنل میں چلی کے ہاتھوں پینالٹی شوٹ پر 2-4 سے شکست کے بعد دلبرداشتہ ہو کر بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔ڈیا گو میراڈونا نے کہا کہ میسی کو ٹھہرنا ہوگا کیونکہ ابھی ان کے کھیلنے کے دن باقی ہیں۔میسی عالمی چیمپیئن بننے کے لیے روس جائے گا۔
29 سالہ میسی کو دنیا کا بہترین کھلاڑی مانا جاتا ہے لیکن اتوار کو ہونے والی شکست ارجنٹینا کی جانب سے ان کی عالمی مقابلوں کے فائنل میں چوتھی شکست تھی۔میسی کی ریٹائرمنٹ پر مداحوں کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مایوسی کے اظہار پر ارجنٹینا کے صدر میکری بھی ان میں شامل ہوئے اور میسی کو قومی ٹیم کا حصہ رہنے کو کہا۔اپنے ٹویٹر پیغام میں میکری کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ٹیم پر بڑا فخر ہے۔
مجھے امید ہے کہ ہم دنیا کے بہترین کھلاڑی کو کئی سالوں تک دیکھتے ہوئے مسلسل لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ ارجنٹینا کے صدر کے ترجمان نے کہا کہ انھوں نے میسی کو فون کیا اور بتایا کہ وہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر کتنا فخر کرتے ہیں اور انھیں تنقید برداشت کرنے کو کہا۔