اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت پاکستان نے ملتان سے تعلق رکھنے والے رویت ہلال کمیٹی کے مستقل رکن مفتی عبدالقوی کی ممبرشپ منسوخ کر دی، وزرارت مذہبی امور نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی عبدالقوی سے پاکستان مدرسہ بورڈ اور مذہبی امور کے حوالے سے دیگر خدمات بھی واپس لے لی گئی ہیں۔
میڈیا میں ماڈل قندیل بلوچ کے ساتھ سیلفی آنے پر حکومت نے مفتی عبدالقوی کی ممبرشپ معطل کی، ان کے خلاف تحقیقات کے لیے وزارت مذہبی امور نے کمیٹی بھی بنائی۔
وزارت مذہبی امور نے مفتی عبدالقوی کو تحریری معافی مانگنے کی پیشکش بھی کی، انہوں نے وزارت مذہبی امور سے تحریری معافی مانگنے سے انکار کر دیا تھا۔
وزارت مذہبی امور کی طرف سے قائم کمیٹی نے مفتی عبدالقوی کی ممبرشپ منسوخ کرنے کی سفارش کی اور ان کے خلاف کارروائی کو خفیہ رکھا گیا، مفتی عبدالقوی کے خلاف کارروائی کے حوالے سے مختلف مسالک میں اتفاق رائے نہیں تھا۔