گجرات لاہور اسلام آباد: نیک آباد مراڑیاں شریف میں سالانہ شہادت کربلا کانفرنس اور خواجہ پیر محمد اسلم قادری رحمة اللہ علیہ کے عرس پاک کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ ہزاروں افراد نے شریک ہوکر روحانی فیوض وبرکات حاصل کئے۔ اس سال حاضرین کی تعداد اس قدر زیادہ تھی کہ حضرات اور خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ بنائے گئے جلسہ گاہ بھرنے کے بعد نیک آباد کے وسیع وعریض لان بھی فل دکھائی دیئے۔ تقریبات کی صدارت مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمد اشرف القادری جبکہ سرپرستی پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری نے کی۔ اس موقع پر خصوصی خطاب شیخ الحدیث حضرت علامہ خادم حسین رضوی مرکزی امیر تحریک لبیک یارسول اللہۖ اور مبلغ اسلام صاحبزادہ محمد مسعود قادری نے کیا۔ مقررین نے نواسہ رسول، فرزند بتول، امام عالی مقام حضرت امام حسین اور دیگر شہداء کربلا رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فضائل مناقب اور شہادتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ امام حسین نے حق کی خاطر باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا سبق دیا ہے۔
ان کی عظیم قربانی صبح قیامت تک مشعل نور، صبر واستقامت کی عظیم مثال اور حق پرستوں اور مظلوموں کے حوصلے بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ محبت امام پاک کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنے اندر سے برائی اور یزیدی کرتوت ختم کریں اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے سچے غلام بن جائیں۔ علماء نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران بھی وہ خرابیاں دور کریں جن کی وجہ سے حضرت امام پاک کو یزید پر اعتراض تھا۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام خوبصورت بھی تھے اور خوب سیرت بھی۔ امام الانبیاء ۖ، حضرت علی المرتضیٰ اور سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہما نے آپکی بے مثال تربیت فرمائی تھی۔ جس کی وجہ سے آپ انتہائی پاکباز، متقی، پرہیزگار، شب بیدار، روزوں کی کثرت کرنے والے، بے حد صدقہ و خیرات کرنے والے، انتہائی بہادر، غیور، صاحب استقامت، حق گو، نیکی کے کاموں میں بڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔
رسول اللہۖ نے جنتی سردار سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کے حق میں دعا فرمائی تھی کہ اے اللہ! جو ان سے محبت کرے تو بھی ان سے محبت فرما۔ اس موقع پر قطب الاولیاء حضرت خواجہ پیر محمد اسلم قادری کے متعلق بتایا گیا کہ انہوں نے اپنی زندگی زہدوعبادت ، اطاعت خدا، عشق مصطفی، محبت آل واصحاب ومحبت غوث اعظم ،دین کی اعلیٰ خدمت اور صبر واستقامت سے عبارت ہے۔ آپ کی قائم کردہ درسگاہ جامعہ قادریہ عالمیہ کے ہزاروں فارغ التحصیل علماء وعالمات دنیا بھر میں شاندار دینی خدمات میں مصروف عمل ہیں اور اندرون وبیرون ملک نیک آباد کی سینکڑوں شاخیں قائم ہوچکی ہیں۔ صاحب عرس کے متعلق مزید کہا گیا کہ ان کے ہاتھوں بیشمار کرامات ظاہر ہوئیں اور ہزاروں لاکھوں لوگ ان کے علمی وروحانی فیض سے مستفید ہوئے۔ تقریبات سے علامہ ابوتراب بلوچ، علامہ عامر اسلم ساہی، مفتی عبد الرحمن نعیمی، علامہ نعیم اختر رضوی، مولانا سیف اللہ شاہ فاروقی، قاری علی اکبر نعیمی، قاری خالد محمود نے بھی اظہار خیال کیا۔
جاری کردہ: پیر اعجاز اشرفی، شعبہ نشر واشاعت تحریک لبیک یارسول اللہ