کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔
ملک میں سیکولرز م کیلئے راہیں ہموار کی جارہی ہیں، ایک طرف حکمرانوں جانب سے مغرب کی خوشنودی کیلئے خطے میں نئے دشمن بنائے گئے تو دوسری جانب دوست ممالک بھی ہم سے دور ہوتے جارہے ہیں ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کی زندگیاں اجیرن ہورہی ہے، حکمرانوں کو کوئی بھی پروا نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار پیر کو مفتی محمدنعیم نے زیارت حرمین شریفین وعمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانگی کے موقع پر معتقدین اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان قوم پر یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ حکمران کس کیلئے کام کررہے ہیں اور کن لوگوں کے تحفظ کیلئے اپنی قوم کی زندگی داؤ پر لگانے میں مصروف ہیں۔
موجودہ حکومت کی پالیسی کسی بھی طو رپر اسلام ، پاکستا اور مسلم امہ کیلئے مثبت نہیں ہے۔موجودہ حکمرانوں نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا وہ دہشتگردی کیخلاف آپریشن کا رخ مذہبی طبقے کی طرف موڑنا چاہتے ہیں اور اسی کی تیاری کیلئے علماء کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آج مختلف انداز میں وطن عزیز میں سیکولر زم کی تبلیغ کا سلسلہ جاری ہے کبھی سوشل میڈیا کے ذریعے کوششیں کی جاتی ہیں تو کبھی وزیر اعظم مذہب کے مقابلے میں متبادل بیانے کی بات کرکے سیکولرز کی راہیں ہموار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مسلمان کو گفتارسے زیادہ کردار کا غازی بننے کی ضرورت ہے اجتماعی طو رپر بد اعمالی کے سب پوری دنیا میں مسلمان مظلومی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہورہے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی غلط پالسیوں کی وجہ سے خطے میں وطن عزیز کے نئے نئے دشمن سامنے آرہے ہیں اور دوست ممالک دن بدن ہم سے دور ہوتے جارہے ہیں۔