مفتی محمد نعیم کاالمناک ٹریفک حادثے پر انتہائی دکھ وافسوس کا اظہار

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے خیر پور، کراچی آنے والی کوچ اور ٹرک کے مابین تصادم کے حادثے پر انتہائی دکھ وافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ قدرتی آفات اور پے د رپے حادثات گناہوں سے توبہ کی دعوت دے رہے ہیں ہمیں۔

اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے کہیں ہم خود ہی ان آفات کے ذمہ دار تو نہیں ؟ جب تک ہم خود کو نہیں بدلتے حالات نہیں بدل سکتے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کے ساتھ ساتھ دعاؤں کا بھی اہتمام کرنا چاہیے۔جمعرات کوجامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل سے دوری کیوجہ سے قوم مختلف طرح کی آفات کا شکار ہے اور حکمران واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کے بجائے بیان بازی اورروز سوگ کا اعلان کرکے اپنی ذمہ داری کو بھول جاتے ہیں،حکمرانوں کوسنجیدگی کاثبوت دیتے ہوئے جن کوتاہیوں کی وجہ سے پے درپے حادثات رونما ہورہے ہیں۔

ان کا سدباب کرنا ہوگا، انہوں نے کہاکہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ مسنون وماثورہ دعاؤں کا بھی اہتمام کریں، وطن عزیز آئے روز نت نئی مشکلات میں دھنسا جارہاہے ہمیں من الحیث القوم اپنے اعمال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے قدرتی آفات اور پے درپے حادثات گناہوں سے توبہ کی دعوت دے رہے ہیں ایک طرف سانحات ودہشت گردی کے واقعات کے باعث پوری پریشان حال ہے۔

تو دوسری جانب تھر میں گزشتہ کئی ماہ سے قحط سالی کی زد میں بھوک و افلاس کا شکار ہوکربچے مررہے ہیں جبکہ شہر قائد میں اکثر آبادیاں پینے کے پانی سے محروم ہیں اور یہ بحران دن بدن شدت اختیار کرتاجارہاہے ۔مفتی محمد نعیم نے مطالبہ کیاکہ بدقسمت کوچ کے متاثرین کے ساتھ بھرپورمالی تعاون کیاجائے جبکہ زخمیوںکوبہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے ،انہوںنے حادثے میں جاںبحق افرادکے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالی مرحومین کی کامل مغفرت فرمائیں۔