مفتی منیر کی نماز جنازہ آج اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ادا کرنیکا اعلان

Mufti Munir Muawiya

Mufti Munir Muawiya

اسلام آباد(جیوڈیسک) اہلسنت و الجماعت اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھی اسد محمود کو قتل کردیا گیا،آئی جی اسلام آباد کہتے ہیں کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ ہے، اہلسنت والجماعت نے نماز جنازہ آج صبح 10 بجے اقوام متحدہ کے دفترکے سامنے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مفتی منیر معاویہ سیکٹر آئی ایٹ میں جامع عبداللہ ابن مسعود میں نماز جمعہ کے بعد اپنے ساتھی اسد محمود کے ساتھ کار میں جا رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ مفتی منیر معاویہ کو ایک روز قبل ہی اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ اہلسنت والجماعت کے کارکنوں نے میتیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ اہلسنت والجماعت کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا مسعود الرحمان عثمانی نے پریس
کانفرنس میں کہا کہ مفتی منیر معاویہ کو دھمکیوں کے باوجود سیکیورٹی نہیں دی گئی۔

مولانا مسعود الرحمان نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت سے طے کیا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کے مطابق واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ ہے۔ آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی جگہ سے گولیوں کے 11 خول ملے ہیں، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، مذہبی رہنماوٴں کو ہر ممکن سیکیورٹی دی جائے گی۔