لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) محمد حفیظ نے کہا ہے کہ میرا 12 سالہ بیٹا سابق کپتان رمیز راجہ سے زیادہ کرکٹ کا شعور رکھتا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے بار بار ریٹائرمنٹ کا مشورہ دیے جانے کے سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان میں ہر شخص کو اظہار رائے کی آزادی ہے، میں اس کی عزت بھی کرتا ہوں لیکن جہاں تک رمیزراجہ کی بات ہے، انھوں نے پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دیں جن کی میں قدر کرتا ہوں لیکن کرکٹ کے بارے میں شعور کے حوالے سے میرا 12 سالہ بیٹا ان سے بہتر ہے، آپ بات کر لیں تو اس کا اندازہ بھی ہو جائے گا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ رمیز راجہ اپنے یوٹیوب چینل کی کامیابی کے لیے اس طرح کی آراء کا اظہار کرتے رہتے ہیں، انھیں مرچ مصالحے کی ضرورت ہوتی ہے اس کا استعمال کرتے رہتے ہیں، اپنے کیریئر کا فیصلہ میں خود ہی کروں گا، جب دیکھا کہ کارکردگی اور فٹنس کا معیار اچھا نہیں رہا تو چھوڑ دوں گا، میرا خلا پْر کرنے کے لیے کوئی بہتر نوجوان کرکٹر مل گیا تب بھی کھیل کو خیرباد کہہ دوں گا۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال میرا ذاتی پلان یہ ہے کہ آئندہ سال بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلوں، بہرحال اس کے لیے ضروری ہے کہ خود کو ٹیم کا ایک مفید رکن ثابت کرتا رہوں، اگر ایونٹ میں ملک اور ٹیم کے کام آ سکتا ہوں تو ضرور کھیلوں گا۔