محرم الحرام کی آمد ، بلوچستان میں 15 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات

Security

Security

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ سمیت بلوچستان میں محرم الحرام کے لیے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے لیے ایف سی ، پولیس کے 10 ہزار ہلکار جبکہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے 5 ہزار رضا کار بھی نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

بلوچستان میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث محرم الحرام میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے گزشتہ تین ماہ کے دوران تفتان، ہزارہ ٹائون اور دیگر علاقوں میں خود کش بم دھماکوں کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی حکومت نے امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے۔

حکومت نے وفاق سے محرم الحرام کے دوران ایف سی کی مزید 33 پلاٹون کی بھی خدمات حاصل کی ہیں۔ شہر کے حساس علاقوں میں ایف سی اور پولیس کے 10 ہزار اہلکاروں سمیت پاک فوج کی دو بٹالین بھی ہائی الرٹ رہینگی اس کے علاوہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے پانچ ہزار رضاکار بھی امام بارگاہوں اور جلوسوں کی حفاظت پر مامور ہونگے۔

شہر کی سیکورٹی کی نگرانی 32 سی سی ٹی وی کمیروں کے ذریعے کی جائے گی ان انتظامات پر بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنمائوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ سیکورٹی پلان کے مطابق کوئٹہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی بھی کڑی نگرانی کی جائیگی ۔ رہائشی اور تجارتی علاقوں میں لوگوں کے کوائف بھی اکٹھا کرنا شروع کر دیئے گئے ہیں۔