محرم الحرام ، مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی

Double Riding

Double Riding

لاہور (جیوڈیسک) محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد ، کراچی ، لاہور سمیت مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی۔

لاہور سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ چون اضلاع میں فوج ، ایف سی اور رینجرز تعینات ہوگی۔ یوم عاشور پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں نو، دس اور گیارہ محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

راولپنڈی میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ چون اضلاع میں فوج ، رینجرز اور ایف سی کے بتیس ہزار چھ سو پچانوے اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر تین روز کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں بھی کنٹنیر رکھ کرٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔

پریڈی اسٹریٹ اور ایمپریس مارکیٹ میں دکانیں بھی سیل کر دی گئیں۔ مرکزی جلوس کی گزر گاہوں پر رہنے والوں کا ڈیٹا بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔ سادہ لباس اہلکار بھی سیکورٹی کیلئے تعینات رہیں گے۔ لاہور میں بھی نو اور دس محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ پنجاب میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صوبے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ پینتیس ہزار افسر اور اہلکار تعینات ہوں گے۔ فوج کی پچپن اور رینجرز کی اٹھائیس کمپنیاں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں گی۔

خیبر پختونخوا میں پشاور ، ڈیرہ اسماعیل خان ، ہنگو اور ٹانک کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایبٹ آباد ، کوہاٹ ، گلگت ، سکردو ، اور استور میں بھی موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں داخلی اور خارجی راستوں پر 71 چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں ساڑھے پانچ ہزار پولیس اور ڈھائی ہزار رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ فوج بھی الرٹ رہے گی ، دس محرم کو شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔