کراچی: بلدیہ کورنگی کا یوم عاشور پر میونسپل ایمرجنسی نافذ ،بلا تعطل بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام محکموں کی 9اور 10محرم کی چھٹیاں منسوخ کرکے عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کے لئے کنٹرول روم کو فعال کردیا گیا ۔ضلع کورنگی کی حدود میں یوم عاشور پر برآمد ہونے والے جلوس عزاداری اور تازیہ جلوس کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ یقینی بنا دیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے یوم عاشور کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کے جائزے کے لئے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے تمام محکمہ جاتی افسران کو ہدایت کی ہے کہ 9اور 10محرم میں علاقائی مسائل کے حل کے سلسلے میں معمول کے مطابق خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنائیں۔
اس موقع پر مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے محکمہ انسداد تجاوزات سیل بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات ،غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز اور پارکنگ کا خاتمہ یقینی بنا ئیں تاکہ جلوسوں کے شرکاء کو آمد و رفت میں کسی بھی قسم کی مشکلات پیش نہ آئے انہوں نے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنا نے کے لئے کنٹرول روم کو فعال بنا یا جائے اور علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔