گوجرانوالہ : ڈی ایس پی سرکل قلعہ دیدار سنگھ محمد وسیم ڈار نے منعقدہ میٹنگ میں امن کمیٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورت حال کو ہر صورت برقرار رکھا جائیگا مشکوک و شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائیگی کسی کو ماحول خراب کرنے کی ہر گز اجازت نہ دی جائیگی۔
تمام بارگاہوں میں مجالس کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائینگے اور کسی بھی حالات کے پیش نظر پولیس اہلکار چوکس و چوبند رہیں گے اس سلسلے میں امن کمیٹی کا تعاون بہت ضروری ہے اور ممبران اس میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ماہ محرم الحرام ہمیں قربانی بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔
تمام علماء اکرام اپنی اپنی تقاریر میں عوام کو فلسفہ حسینیت کا درس دیں اور فرقہ واریت کی اڑ میں مذہبی انتشار بازی سے اجتناب کریں ورنہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نپٹا جائیگا۔