کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، مذہبی رواداری اور امن و امان برقرار رکھیں اور عقیدہ ، مذہب اور فقہ کی بنیاد پر عوام کو آپس میں لڑانے اور اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں۔
محرم الحرام کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے اور یہ مہینہ انسانی تاریخ میں عظیم قربانیوں سے عبارت ہے اور ملت اسلامیہ پرمحرم الحرام کا احترام ہر حال میں لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ محر م الحرام کا مہینہ مسلم امہ کو مسلکی اور فقہی تضادات میں الجھنے کے بجائے ایک دوسرے کے عقائد اور مسالک کے احترام کا درس دیتا ہے اور محرم الحرام کے مہینے کی حرمت پامال کرنے والے عناصر کسی طرح بھی مسلم امہ کے دوست نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے بھی خصوصاً اپیل کی کہ وہ محرام الحرام کے دوران مجالس ، جلوس ، خطبات اور محافل میں شرکت کریں تاکہ بھائی چارگی ، فرقہ وارانہ اتحاد اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔
الطاف حسین نے ملک بھر میں موجود ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کوبرقراررکھنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں مختلف مکاتب فکر کے بزرگوں اور نوجوانوں پر مشتمل امن کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھی جاسکے اور محرم کے مہینے کی حرمت کا احترام نہ کرنے والے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنا یا جاسکے۔