کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران ضلع کورنگی کی حدود میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی بنا کر عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس کو مکمل کلیئر کیا جائے۔
امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے جاری کاموں کو یکم محرم سے قبل مکمل کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے یونین کونسل کے چیئر مین سفیر اور امام بارگاہوں اور عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے منتظمین کے ہمراہ ملیر ماڈل کالونی زون کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
دورے کے موقع پر جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے چیئر مین سید نیئر رضا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر منتظمین کے باہمی مشاورت کے ساتھ بلدیاتی انتظامات کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے۔
دورے کے موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ملیر ماڈل کالونی زون کے مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کرکے منتظمین سے ملاقات کی اور اُن سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر منتظمین کی جانب سے پیش کئے مسائل کے حل کے لئے موقع پر موجود افسران کو احکامات بھی صادر کئے۔