کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے محرم کے حوالے سے سیکورٹی کے بہتر انتظامات پر گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ ، ڈی جی رینجرز ودیگر اعلیٰ حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ محرم کے جلوسوں کی سیکورٹی کے انتظامات قابل تحسین رہے ،اللہ کا شکر ہے مجموعی طور پر ملک بھر میں عاشورہ امن وامان سے گزرگیا،مخصوص مذہبی ایام کی سیکورٹی کے نام پر قوم کو یرغمال بنانے کے بجائے دیرپا حل تلاش کیا جائے، تین یوم کےلئے پورے ملک گیر پہیہ جام سے ملکی معیشت کو نقصان اور عوام اذیت سے دو چار ہوتی ہے۔
اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ جس طرح سے حکمران اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مخصوص ایام کی سیکورٹی کےلئے اقدامات کرتے ہیں اگر پورے سال سیکورٹی کی مجموعی صورتحال پر توجہ دی جائے تو مخصوص ایام میں قوم کو خوف و ہراس میں رہنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، انہوں نے کہاکہ ہر سال اربوں روپے ہم مذہبی رسومات اور دیگر جلوسوں میں سیکورٹی کے نام پر ہم صرف کرتے ہیں اگر دیر پا اقداما ت کرکے سیکورٹی پر خرچ ہونے والی اس بڑی رقم کو غریب عوام کی فلاح وبہبود پر صرف کردیاجاتا تو آج ملک ترقی کے عروج پر پہنچ چکاہوتا، انہوںنے کہاکہ اس سال عاشورہ پر امن گزرااس میں بلاشبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے اور حکومت نے بھی سیکورٹی کے حوالے سے فول پروف اقدامات کیے جو قابل تعریف ہیں۔
انہوںنے کہاکہ نیٹ ورک جام، روڈ بلاک اور عوام کو گھروں میں قید کرکے کب تک تحفظ فراہم کرتے رہیں گے، مخصوص ایام کی سیکورٹی کے لئے دیرپا اقدامات کئے جائیں اگر حکومت یوں روڈوں شاہراہوں میں عوام کی زندگی اجیرن کیے بنا سیکورٹی فراہم نہیں کرسکتی تو ان اجتماعات کو مخصوص جگہیں الاٹ کی جائیں اس سے سیکورٹی کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے اور سیکورٹی کے نام پر لگنے والے اربوں روپیہ کے خسارے سے بھی قوم کو چھٹکارا مل جائے گا، انہوں نے کہاکہ حکومت کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ سیکورٹی اقدامات کے نام پر قوم کو یرغمال بنانے کے بجائے ایسا حل نکالا جائے جس سے حفاظت بھی ہو اور قوم اجتماعی طو رپر اذیت سے بھی بچ جائے۔
انہوں نے کہاکہ نصیرآبادو جیکب آباد دھماکے اورحیدرآبادمیں اہل سنت کی مدح صحابہ ؓ ریلی پرحملہ بلاشبہ افسوسناک ہے ملک دشمن طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلئے دہشت گردی کی کارروائیاں کرتی ہیں اس میں بیرونی ہاتھ کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں فرقہ واریت اتنی نہیں جتنی بیان کی جاتی ہیں تمام مسالک باہم شیروشکر ہیں مگر دشمن قوتیں ان کے درمیان غلط فہمیاںپیدا کرکے آپس میں لڑانااوراپنے مذموم مقاصدحاصل لرناچاہتی ہیں۔