اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے لیے کورونا ایس او پیز جاری کر دیں۔
محرم الحرام کے حوالے سے انتظامی سربراہوں کے نام مراسلے میں محکمہ صحت نے کہا ہے کہ عزاداروں کے لیے موبائل ویکسی نیشن کا انتظام کیا جائے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یکم محرم سے عزاداروں کی آن سپاٹ ویکسی نیشن ہو گی، مجالس اور جلوسوں میں ماسک اور سینیٹائزر کی سہولت یقینی بنائی جائے، صرف ویکسینیٹڈ ذاکرین کو ہی مجالس منعقد کرنے اجازت ہو گی۔
محکمہ صحت پنجاب کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مجالس میں بچے، بیمار اور عمر رسیدہ افراد شامل نہ ہوں، جلوس کے شرکا ماسک، سماجی فاصلے اور ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھیں، مجالس کا انعقاد کھلی جگہ پر کیا جائے اور داخلے سے پہلے شرکا کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، نیاز اور کھانے کی تقسیم کھلی جگہ اور ڈسپوزبل برتنوں میں کی جائے۔