وزیر آباد (تحصیل رپورٹر) محرم الحرام میں مثالی امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، عوام الناس کی مدد سے پولیس افسران اور جوان کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں ان خیالات کا اظہار ایس پی صدر سید قرار حسین شاہ نے اے ایس پی آفس میں کیپٹن( ر) غلام مرتضےٰ کے ہمرا ہ سرکل بھر کے ایس ایچ اوز ، معروف مذہبی و سماجی شخصیات کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے ساتھیوں نے لازوال قربانی پیش کی ہے اور ایسے مقدس مہینہ میں کسی کو شر انگیزی کی ہر گز اجازت نہ دیں گے۔ انہوں نے مذہبی اور سماجی شخصیات پر زور دیا کہ وہ سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور مشکوک حرکات و سکنات کے حامل افراد بارے فوراً قانون نافذ کرنے والے افسران کے نوٹس میں لائیں، پولیس نہ صرف بھرپور تعاون کرے گی۔
بلکہ اطلاع دینے والے افراد کا نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی اپنی حد میں رہ کر ایام محرم عقیدت و احترام سے منائے، بلا جواز تجاوز کرنے والوں سے قانون سختی کے ساتھ پیش آئے گا۔